لیونل میسی کا ہسپانوی کلب ایلڈینس کے اکثریتی حصص خریدنے کے لیے ابتدائی معاہدہ
ارجنٹائن کے عظیم فٹ بالر لیونل میسی نے ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن کے کلب ایلڈینس کے اکثریتی حصص خریدنے کے لیے ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق اپریل میں ہسپانوی کلب کارنیلا کو خریدنے کے بعد ایلڈینس دوسرا ہسپانوی کلب ہوگا جس میں 39 سالہ سابق بارسلونا فارورڈ لیونل میسی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
امریکی کلب انٹر میامی کی نمائندگی کرنے والے لیونل میسی کی جانب سے ایلڈینس میں سرمایہ کاری کی تصدیق کلب انتظامیہ نے بھی کی ہے۔ کلب کے مطابق گروہو ٹی ایچ سولوشنز کے پاس موجود حصص کی میسی کو منتقلی کے لیے ابتدائی اتفاق ہو چکا ہے، تاہم حتمی قانونی کارروائی اور ہسپانوی نیشنل سپورٹس کونسل کی منظوری ابھی باقی ہے۔
الیکانتے سے تعلق رکھنے والا ایلڈینس اس وقت لا لیگا 2 میں 20ویں نمبر پر ہے اور رواں سیزن کے ابتدائی چار میچوں میں صرف دو پوائنٹس حاصل کر سکا ہے۔ خراب کارکردگی کے باعث کلب کے ہیڈ کوچ کلاڈیو باراگن بھی حال ہی میں اپنے عہدے سے الگ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لیونل میسی 13 سال کی عمر میں ارجنٹائن سے اسپین منتقل ہوئے تھے اور بارسلونا کے لیے 778 میچوں میں ریکارڈ 672 گولز اسکور کیے۔ بعد ازاں وہ پیرس سینٹ جرمین اور انٹر میامی سے بھی وابستہ رہے۔
میسی اسپین میں مقامی فٹ بال ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے بھی سرگرم عمل ہیں۔ ان کے سابق حریف کرسٹیانو رونالڈو نے بھی رواں سال فروری میں ہسپانوی کلب المیریا کے 25 فیصد حصص خریدے تھے۔
