مونگ اور ماش کی فصل کو بیماریوں اور کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت
محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مونگ اور ماش کی فصل کو بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مونگ اور ماش کی بہتر پیداوار کے لیے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ جڑی بوٹیاں فصل کی نشوونما متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ کیڑوں اور بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مونگ اور ماش کی فصل کو عمومی طور پر تین پانی درکار ہوتے ہیں۔ پہلا پانی اگاؤ کے 3 سے 4 ہفتے بعد، دوسرا پھول نکلنے کے مرحلے پر جبکہ تیسرا پانی پھلیاں بننے کے وقت دینا چاہیے۔
ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ بارش کی صورت میں فصل کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کی جائے، جبکہ زائد بارش کا پانی کھیت میں جمع ہونے کی صورت میں فصل کو نقصان سے بچانے کے لیے فوری نکاس کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ فصل کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور بیماری یا کیڑے مکوڑوں کے حملے کی صورت میں محکمہ زراعت کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کرکے بروقت تدارکی اقدامات کریں۔
