بارسلونا نے ویلنسیا کو 5-0 سے روند دیا، ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم
ہسپانوی فٹ بال لیگ لالیگا میں بارسلونا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویلنسیا کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دے کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی اور لیگ ٹیبل پر اپنی برتری مزید مستحکم کرلی۔
میسٹایا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بارسلونا نے آغاز ہی سے کھیل پر گرفت مضبوط رکھی۔ لامین یمل نے چھٹے منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ فرمین لوپیز نے 22ویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔
دوسرے ہاف میں بارسلونا نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا۔ رافنھا نے 50ویں منٹ میں تیسرا، پیڈری نے 79ویں منٹ میں چوتھا جبکہ لامین یمل نے 84ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول کرکے ویلنسیا کی شکست مکمل کردی۔
اس کامیابی کے بعد بارسلونا نے سیزن کے ابتدائی چاروں لیگ میچز جیت کر 12 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں اور لالیگا کی واحد ناقابلِ شکست ٹیم کے طور پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔
بارسلونا نے چار میچز میں 17 گول اسکور کیے ہیں، جبکہ ویلنسیا چار میچز کے بعد صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ ٹیبل کے آخری حصے میں موجود ہے۔
