تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑا ریلیف، ٹیکس شرحوں میں کمی اور 9 فیصد سرچارج ختم
حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تنخواہ سے حاصل ہونے والی آمدن پر مختلف ٹیکس سلیبز میں ٹیکس کی شرحوں میں کمی کردی ہے، جبکہ 10 ملین روپے سے زائد قابلِ ٹیکس آمدن رکھنے والے تنخواہ دار افراد پر عائد 9 فیصد سرچارج بھی ختم کردیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق فنانس ایکٹ 2026 کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے فرسٹ شیڈول کے حصہ اول ڈویژن اول کی شق (2) میں موجود جدول میں ترمیم کرتے ہوئے تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس کی نظرثانی شدہ شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔
نظرثانی شدہ شرحوں کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک قابلِ ٹیکس آمدن پر کوئی انکم ٹیکس عائد نہیں ہوگا، جبکہ 6 لاکھ روپے سے زائد اور 12 لاکھ روپے تک آمدن پر 6 لاکھ روپے سے زائد رقم کا ایک فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
12 لاکھ روپے سے زائد اور 22 لاکھ روپے تک قابلِ ٹیکس آمدن پر 6 ہزار روپے کے علاوہ 12 لاکھ روپے سے زائد رقم کا 11 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
اسی طرح 22 لاکھ روپے سے زائد اور 32 لاکھ روپے تک آمدن پر ایک لاکھ 16 ہزار روپے کے علاوہ 22 لاکھ روپے سے زائد رقم کا 20 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
32 لاکھ روپے سے زائد اور 41 لاکھ روپے تک قابلِ ٹیکس آمدن رکھنے والے افراد سے 3 لاکھ 16 ہزار روپے کے علاوہ 32 لاکھ روپے سے زائد رقم کا 25 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
41 لاکھ روپے سے زائد اور 56 لاکھ روپے تک آمدن پر 5 لاکھ 41 ہزار روپے کے علاوہ 41 لاکھ روپے سے زائد رقم کا 29 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ 56 لاکھ روپے سے زائد اور 70 لاکھ روپے تک قابلِ ٹیکس آمدن پر 9 لاکھ 76 ہزار روپے کے علاوہ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کا 32 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق 70 لاکھ روپے سے زائد قابلِ ٹیکس آمدن رکھنے والے تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 14 لاکھ 24 ہزار روپے کے علاوہ 70 لاکھ روپے سے زائد رقم کا 35 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے تنخواہ دار افراد پر عائد سرچارج میں بھی اہم کمی کی ہے۔ انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 4 اے بی کے تحت ایسے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز کی قابلِ ٹیکس آمدن 10 ملین روپے سے تجاوز کرنے کی صورت میں انکم ٹیکس کی مقررہ رقم پر 10 فیصد سرچارج عائد کیا جاتا ہے، تاہم تنخواہ سے آمدن حاصل کرنے والے افراد کے لیے اس حد پر 9 فیصد سرچارج لاگو تھا۔
فنانس ایکٹ 2026 کے ذریعے تنخواہ دار افراد کے لیے یہ 9 فیصد سرچارج ختم کردیا گیا ہے۔
نئی ترمیم کے تحت 10 ملین روپے سے زائد آمدن رکھنے والے دیگر افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز پر 10 فیصد سرچارج بدستور نافذ رہے گا، تاہم تنخواہ دار افراد اس سرچارج سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس سلیبز میں کمی اور تنخواہ دار افراد کے لیے سرچارج کے خاتمے کا مقصد اس طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرکے انہیں مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
