دیامر بھاشا ڈیم کا 133 ارب 18 کروڑ روپے کا ہائیڈرو مکینیکل کنٹریکٹ ایوارڈ
واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا ہائیڈرو مکینیکل (ایچ ایم ون) کنٹریکٹ 133 ارب 18 کروڑ روپے میں پاور چائنا – آئیکان جوائنٹ وینچر کو ایوارڈ کر دیا ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق کنٹریکٹ پر دستخط کی تقریب ہفتہ کو منعقد ہوئی، جس میں واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ڈائریکٹر عارف علی اور جوائنٹ وینچر کے مجاز نمائندے لنگ جیانکے نے معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید، ممبر فنانس، ممبر واٹر، ممبر پاور، دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پاور چائنا انٹرنیشنل کے چیئرمین، جوائنٹ وینچر میں شامل کمپنیوں، کنسلٹنٹس اور واپڈا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
ایچ ایم ون کنٹریکٹ کے تحت دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لیے ہائیڈرو مکینیکل آلات اور ہائیڈرالک اسٹیل اسٹرکچرز کی تیاری، فراہمی اور تنصیب کی جائے گی۔ معاہدے میں پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے گیٹس اور اسٹیل اسٹرکچرز کی تنصیب بھی شامل ہے، جو فلشنگ ٹنلز، پاور ان ٹیک اور ڈیم ان لیٹ پر نصب کیے جائیں گے۔
کنٹریکٹ میں اسٹیل لائننگ، ہوسٹنگ سسٹمز، پمپنگ سسٹمز اور ان سے متعلقہ برقی کام بھی شامل ہیں۔ یہ آلات ڈیم کے آپریشن اور پانی کے بہاؤ کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی آبی، غذائی اور توانائی کی سلامتی کے لیے وفاقی حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے۔ یہ ڈیم چلاس شہر سے تقریباً 40 کلومیٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا ہوگی، جبکہ اس سے 4 ہزار 500 میگاواٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔
