اسلام آباد کے بلیو ایریا میں 45 اور 42 منزلہ ٹاورز سمیت پانچ بڑے منصوبوں کی اصولی منظوری
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں عمودی ترقی اور جدید تعمیرات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے بلیو ایریا میں دو بلند و بالا ٹاورز سمیت پانچ بڑے تعمیراتی منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق یہ منظوری ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی (DVC) کے اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سی ڈی اے محمد عمیر نے کی۔ اجلاس میں مجوزہ منصوبوں کا جائزہ متعلقہ منصوبہ بندی کے ضوابط، تکنیکی تقاضوں اور تعمیراتی معیارات کی روشنی میں لیا گیا۔
منظور شدہ منصوبوں میں بلیو ایریا، پلاٹ نمبر 13، سیکٹر F-8/G-8 میں 45 منزلہ مخلوط استعمال کی عمارت شامل ہے، جس کی مجوزہ بلندی تقریباً 659 فٹ اور مجموعی رقبہ 557,641 مربع فٹ ہوگا۔ منصوبے میں پارکنگ کے لیے پانچ زیرِ زمین منزلیں، ریٹیل آؤٹ لیٹس، ریستوران، رہائشی اپارٹمنٹس اور پینٹ ہاؤسز تعمیر کیے جائیں گے۔
کمیٹی نے بلیو ایریا، پلاٹ نمبر 09، سیکٹر F-9/G-9 میں دوسرے ہائی رائز ٹاور کی بھی اصولی منظوری دی، جس کی مجوزہ بلندی تقریباً 580 فٹ اور منزلوں کی تعداد 42 ہوگی۔ یہ منصوبہ اسلام آباد میں جدید تجارتی سرگرمیوں اور عمودی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
ان دونوں منصوبوں کے علاوہ بحریہ گارڈن سٹی میں ٹریمیزو مال، گلبرگ گرینز کے بزنس پارک میں پلاٹ نمبر 62 اور پارک ایونیو نارتھ، گلبرگ گرینز میں پلاٹ نمبر 108 کے منصوبوں کی بھی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ ان تینوں منصوبوں پر عمل درآمد متعلقہ تکنیکی اعتراضات دور کرنے اور قابلِ اطلاق ضوابط کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔
بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات، چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت اور ممبر پلاننگ محمد عمیر کی نگرانی میں ادارہ اسلام آباد کی ترقی تیز کرنے، نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروباری برادری کو نئے ترقیاتی منصوبوں کی جانب راغب کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
سی ڈی اے بلند و بالا عمارتوں، جدید کمرشل پلازوں اور بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز کی تعمیر کے ذریعے شہر کے تجارتی ڈھانچے کو مستحکم کرنے، کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور اسلام آباد کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے پر توجہ دے رہا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے، زمین کے مؤثر استعمال اور عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سی ڈی اے نے واضح کیا کہ تمام منصوبوں میں عمارتوں کے ساختی استحکام، مناسب پارکنگ، آگ سے بچاؤ اور انسانی جانوں کے تحفظ سمیت متعلقہ حفاظتی اور قانونی تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ منصوبوں کو حتمی منظوری سے قبل تمام متعلقہ تکنیکی اور ضابطہ جاتی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو جدید، خوبصورت، خوشحال، سیاح دوست اور ماحول دوست دارالحکومت بنانا ہے، جبکہ شہر کی منفرد شناخت اور سرسبز ماحول کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔
