پنجاب حکومت پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں اور پکڑ دھکڑ سے گریز کرے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں کرنے اور پکڑ دھکڑ سے گریز کیا جائے، اختلافِ رائے کی قدر کرنا جمہوریت کا حصہ ہے، حکومت سخت اقدامات کے بجائے مفاہمت کی طرف بڑھے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم جمہوریت اور ملک کو بچانے کے لیے نکلے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرامن اور آئین و قانون کے مطابق اسٹریٹ موومنٹ کریں گے۔ پنجاب حکومت، بالخصوص رانا ثناء اللہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمت اور بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے گریز کرے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان کے اہل خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گولی نہیں چلنی چاہیے، گولی کا وقت ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد انصاف مانگنے کے لیے پرامن طریقے سے آئیں گے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اختلافِ رائے کی قدر کی جائے اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے سخت اقدامات کے بجائے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
