وزیر داخلہ سندھ کا رات گئے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ، 2 افسران معطل
صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ رات گئے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے ضلع شرقی کے سچل، گلستان جوہر، مبینہ ٹاؤن اور سہراب گوٹھ سمیت مختلف تھانوں کا دورہ کیا، جبکہ بعد ازاں ضلع وسطی کے یوسف پلازہ، جوہرآباد اور نارتھ ناظم آباد تھانے بھی پہنچے۔
دورانِ معائنہ ضیاء الحسن لنجار نے تھانوں میں روزنامچہ، پولیس نفری اور لاک اپ کا جائزہ لیا جبکہ زیر حراست ملزمان کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ انہوں نے قیدیوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
سہراب گوٹھ تھانے کے اچانک معائنے کے دوران ہیڈ محرر کی غیرحاضری پر اسے معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ ڈیوٹی افسر کو بھی معطل کردیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد پولیس کی کارکردگی جانچنا اور کوتاہیوں کو دور کرنا ہے۔ جو افسر اچھا کام کرے گا اور قوانین پر عمل کرے گا اسے شاباشی ملے گی، جبکہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
