ترک صدر رجب طیب اردوان جلد شام کا دورہ کریں گے، حاقان فیدان
ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان جلد شام کا دورہ کریں گے، جبکہ دمشق اور انقرہ کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
شنہوا کے مطابق دمشق میں شامی امور خارجہ کے سربراہ اسعد حسن الشیبانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ ترک صدر کے دورہ شام کے لیے موزوں حالات پیدا کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سیاسی، سفارتی، اقتصادی و سکیورٹی تعاون کے علاوہ توانائی، تعلیم، ثقافت اور مہاجرین کی واپسی کے شعبوں میں اعلیٰ سطحی مشترکہ کمیٹی کو فعال بنانے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
اسعد حسن الشیبانی نے کہا کہ مشترکہ کمیٹی دونوں ممالک کی مشترکہ قیادت میں کام کرے گی اور باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے گی۔ فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے مستقل سیکرٹریٹ اور مختلف شعبوں میں خصوصی کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔
ترک وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو سہولت دینے کے لیے مالی معاونت، ویزوں، ورک پرمٹس اور سرٹیفکیشن سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترک سرمایہ کاروں کو شام کے توانائی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں گہری دلچسپی ہے۔
واضح رہے کہ شام میں سابق حکومت کے دسمبر 2024 میں خاتمے کے بعد دمشق اور انقرہ کے درمیان تعلقات میں تیزی سے پیش رفت ہوئی ہے۔
