لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل پولیس بھی موجود تھے۔
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت اور اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
