قصور میں فوڈ کورٹس بلدیہ چوک اور اپروچ روڈ کا افتتاح
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر تفریحی، تجارتی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوڈ کورٹس بلدیہ چوک اور اپروچ روڈ کا افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے ریونیو و فنانس میاں سعد وسیم شیخ ایڈووکیٹ، ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی محمد نعیم صفدر انصاری ایڈووکیٹ، ایم پی اے حاجن صفیہ سعید، ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، اسسٹنٹ کمشنر قصور ثاقب ترازی سمیت متعلقہ افسران اور معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر میاں سعد وسیم شیخ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری علاقوں کی خوبصورتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فوڈ کورٹس بلدیہ چوک اور اپروچ روڈ کی تکمیل شہریوں کے لیے اہم سہولت ہے، جس سے مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا اور عوام کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔
محمد نعیم صفدر انصاری نے کہا کہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات، صاف ستھرا ماحول اور بہتر شہری انفراسٹرکچر فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو ایک خوبصورت اور منظم عوامی مقام میسر آیا ہے۔
ایم پی اے حاجن صفیہ سعید نے کہا کہ خواتین، بچوں اور خاندانوں کے لیے محفوظ اور صاف ستھرے تفریحی مقامات کی فراہمی مثبت اقدام ہے۔ فوڈ کورٹ میں شہریوں کو تفریح اور کھانے پینے کی سہولیات بہتر ماحول میں دستیاب ہوں گی۔
ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فوڈ کورٹس میں صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کی سہولت کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے منصوبے کی تکمیل پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شہری سہولیات اور خوبصورتی کے مزید منصوبے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
