اوپیک پلس کا ستمبر کی تیل پیداوار اکتوبر میں برقرار رکھنے کا فیصلہ
تیل پیدا اور برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کے سات رکن ممالک نے ستمبر 2026 کی مطلوبہ تیل پیداوار کو اکتوبر میں بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان کے وزرائے تیل کا ورچوئل اجلاس ہوا، جس میں عالمی تیل مارکیٹ کی صورتحال اور آئندہ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ستمبر 2026 کے لیے مقرر کردہ پیداوار کی سطح اکتوبر میں بھی برقرار رکھی جائے گی۔ ان ممالک نے تیل مارکیٹ کے استحکام کے لیے اپنی مشترکہ وابستگی کا اعادہ بھی کیا۔
اوپیک پلس کے مطابق اپریل 2023 میں اعلان کردہ اضافی رضاکارانہ پیداوار ایڈجسٹمنٹ کے تحت یومیہ ایک لاکھ 88 ہزار بیرل کی پیداوار میں ردوبدل کیا گیا تھا۔
ساتوں ممالک نے تعاون کے اعلامیے کی مکمل پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں اضافی رضاکارانہ پیداوار ایڈجسٹمنٹ بھی شامل ہیں۔ ان اقدامات کی نگرانی مشترکہ وزارتی مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی۔
اوپیک پلس کے رکن ممالک عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جبکہ ساتوں ممالک کا آئندہ اجلاس 4 اکتوبر کو ہوگا۔
