منگلا پاور اسٹیشن کی صلاحیت 1310 میگاواٹ کرنے کا فیصلہ
منگلا پاور اسٹیشن کو جدید خطوط پر بحال کرنے کے منصوبے کے تحت اس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1000 میگاواٹ سے بڑھا کر 1310 میگاواٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے پر 52 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔
پلاننگ کمیشن کے مطابق منصوبے کے تحت منگلا پاور اسٹیشن کے پیداواری یونٹس کو اپ گریڈ اور جدید بنایا جائے گا، جس کے نتیجے میں موجودہ ہائیڈرو پاور انفراسٹرکچر سے 310 میگاواٹ اضافی بجلی حاصل ہوگی۔
منصوبے کی مجموعی لاگت 52 ارب 224 کروڑ 30 لاکھ 70 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
منگلا پاور اسٹیشن کی جدید کاری سے بجلی کی زیادہ قابلِ اعتماد اور ماحول دوست پیداوار ممکن ہوگی، جبکہ پاور اسٹیشن کے پیداواری یونٹس کی عملی عمر میں بھی اضافہ ہوگا۔ منصوبے سے مہنگی تھرمل بجلی پر انحصار کم کرنے اور ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔
منگلا پاور اسٹیشن کئی دہائیوں سے پاکستان کے توانائی نظام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جدید کاری کے منصوبے کے ذریعے موجودہ قومی توانائی کے اثاثے سے مزید مؤثر انداز میں استفادہ کیا جا سکے گا۔
یہ منصوبہ اڑان پاکستان کے ’’سستی اور مؤثر توانائی‘‘ کے ستون سے ہم آہنگ ہے اور توانائی کے تحفظ، صاف بجلی کی پیداوار اور موجودہ بنیادی ڈھانچے کی استعداد میں اضافے کی جانب اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
