نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن 5.8.0 لانچ کر دیا
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کا نیا ورژن 5.8.0 لانچ کر دیا ہے۔ نئے ورژن میں فیملی ممبرز ڈیجیٹل آئی ڈی، دستاویزات کی فوری کیو آر تصدیق اور حج و عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک توثیق سمیت متعدد جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شبہات علی کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ نئے ورژن کے ذریعے شہری اپنے ساتھ ساتھ شریکِ حیات اور 18 سال سے کم عمر بچوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈز، جووینائل کارڈ، نائیکوپ یا پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) بھی باآسانی حاصل اور محفوظ کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ شہری ضرورت پڑنے پر ان ڈیجیٹل شناختی دستاویزات میں موجود معلومات کی فوری تصدیق اور شیئرنگ بھی کر سکیں گے، جس سے شناختی خدمات کے حصول کا عمل مزید آسان اور سہل ہو جائے گا۔
نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ میں اہم دستاویزات کی فوری تصدیق کے لیے ’سکین کیو آر کوڈ‘ کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) اور شناختی کارڈ منسوخی سرٹیفکیٹ پر موجود ڈیجیٹل کیو آر کوڈ سکین کرکے تصدیق شدہ کوائف چند سیکنڈز میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
سید شبہات علی نے بتایا کہ بیرونِ ملک، بالخصوص حج و عمرہ کے لیے جانے والے عازمین کی سہولت کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل بھی مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ زائرین اب انفلوئنزا اور گردن توڑ بخار (میننجائٹس) کے ویکسینیشن کارڈز کے لیے بائیو میٹرک تصدیق پاک آئی ڈی ایپ کے ’MBVS‘ سیکشن کے ذریعے گھر بیٹھے مکمل کر سکتے ہیں۔
بائیو میٹرک تصدیق کے بعد مجاز مرکز سے ویکسین لگوانے کے عمل کو مکمل کرکے نادرا کے ’نمز‘ (NIMS) پورٹل سے ویکسینیشن کارڈ ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ایپ کے استعمال کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ فیملی ڈیجیٹل آئی ڈی حاصل کرنے کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی ہوم اسکرین سے ’فیملی ممبرز ڈیجیٹل آئی ڈی‘ کے آپشن میں جا کر مطلوبہ فرد کے نام کے نیچے ’Apply for Digital ID‘ منتخب کرنا ہوگا۔
اسی طرح دستاویزات کی تصدیق کے لیے ’سکین کیو آر کوڈ‘ جبکہ ویکسینیشن کی بائیو میٹرک توثیق کے لیے ’MBVS‘ سیکشن میں جاکر مطلوبہ کیٹیگری منتخب کی جا سکتی ہے، جس کے بعد فیس کی ادائیگی کے ذریعے عمل مکمل کیا جائے گا۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر کے مطابق عوامی تجاویز اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک آئی ڈی کی سروسز کو مزید مؤثر، جدید اور شہری دوست بنانے کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔
