وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وطن واپسی پر وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جنرل اسمبلی سے خطاب میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔
دورہ اقوام متحدہ کے دوران وزیراعظم نے مختلف عالمی رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے اہم دوطرفہ اور کثیرالجہتی ملاقاتیں بھی کیں۔ ملاقاتوں میں عالمی سطح پر امن، سلامتی، ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا گیا۔
وزیراعظم نے عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی تعاون اور دوطرفہ اقتصادی روابط کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
