پاکستان میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران 6 فیصد اضافہ
ملک میں سیمنٹ کی مجموعی مقامی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم اسی عرصے میں سیمنٹ کی برآمدات میں 9 فیصد کمی کا امکان ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور ٹاپ لائن ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ملکی فروخت 10.67 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10.07 ملین ٹن تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فروخت 8.76 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.38 ملین ٹن کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔
اسی طرح جنوبی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت پہلی سہ ماہی کے دوران 1.91 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.69 ملین ٹن کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026 میں سیمنٹ کی مجموعی مقامی فروخت کا حجم 3.62 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال ستمبر میں ریکارڈ کی گئی 3.53 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔
دوسری جانب جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات کا حجم 2.35 ملین ٹن رہنے کا اندازہ ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.59 ملین ٹن کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہے۔
تاہم ستمبر 2026 میں سیمنٹ کی برآمدات میں بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال ستمبر میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 0.88 ملین ٹن رہ سکتا ہے، جو گزشتہ سال ستمبر کے 0.83 ملین ٹن کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہوگا۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی طلب میں اضافہ ہوا، جبکہ برآمدی شعبے میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
