وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے قومی دن پر شاہ سلمان اور ولی عہد کو مبارکباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی نہ صرف مملکت بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب خوشحالی اور جدیدیت کے سفر پر گامزن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور آزمودہ بھائی چارے پر فخر کرتا ہے، جس کی بنیاد مذہب، باہمی اعتماد اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پائیدار تعلقات پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ سرپرستی دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط تذویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، جس کی بنیاد امن، سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے مشترکہ وابستگی پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے فخر کے ساتھ تذویراتی باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں، بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل طور پر مملکت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کا اختتام ’’پاکستان سعودی عرب برادرانہ دوستی زندہ باد‘‘ کے نعرے کے ساتھ کرتے ہوئے دعا کی کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہیں۔
