وزیراعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات، پولیو کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن، مالیاتی شمولیت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت اور حفاظتی ٹیکہ جات کے شعبوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے طویل عرصے سے جاری تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے اس کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسی نیشن پروگرام کے لیے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی فراہم کردہ رہنمائی کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو قابلِ اعتماد شراکت داری قرار دیتے ہوئے صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، جن میں جدت، بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بل گیٹس کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
