عالمی امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل ناگزیر ہے، ایاز صادق
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔ پائیدار امن اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے احترام اور باہمی مکالمے کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ پاکستانی امن دستے گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے۔ مساوی حقوق، انصاف اور رواداری پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی امن کے لیے بھاری انسانی اور معاشی قیمت ادا کی ہے۔ امن کے فروغ میں پارلیمانوں کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ پارلیمان مکالمے اور جمہوری اقدار کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم ہیں۔
سردار ایاز صادق نے زور دیا کہ پائیدار عالمی امن کے لیے بین الاقوامی تعاون، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا اور اقوام کو اپنے اختلافات مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔
