راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ، تعلیمی ادارے بند
شہر میں مسلسل موسلادھار بارش اور نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے باعث طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، جس پر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے راولپنڈی کی حدود میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی کے کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 27.5 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جو انخلا کی مقررہ حد 20 فٹ سے تقریباً ساڑھے سات فٹ زیادہ ہے، جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 21.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
پانی کی سطح میں مزید اضافے کے خدشے کے پیش نظر نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں کے لیے انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حساس علاقوں میں امدادی عملہ، بھاری مشینری اور ضروری وسائل تعینات کردیئے گئے ہیں، جبکہ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایم ڈی واسا عزیز اللہ کے مطابق نالہ لئی اور شہر بھر کے برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کے باعث آئندہ ایک گھنٹے کے دوران پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نالہ لئی اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
