امیر مقام کی وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے ملاقات، ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی ترقیاتی سرگرمیوں، عوامی فلاح و بہبود اور خطے کی موجودہ ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد آمد پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کو گلدستہ پیش کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت آزاد جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔
انجینئر امیر مقام نے نئی حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات کے حصول اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومتِ آزاد کشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون اور مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے وفاقی وزیر کی آمد اور نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے وفاقی حکومت کی تعاون کی یقین دہانی کو سراہا۔
ملاقات میں وفاقی حکومت اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے درمیان رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
