خود کو ایف آئی اے سب انسپکٹر ظاہر کرنے والا شخص گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خود کو سب انسپکٹر ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور کے مطابق ملزم رضوان خود کو ایف آئی اے سب انسپکٹر ظاہر کرتے ہوئے بلیک یونیفارم اور ایف آئی اے کے بیجز استعمال کر رہا تھا۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے ملزم کو رائیونڈ ڈویژن لیسکو کے دفتر سے گرفتار کیا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایف آئی اے یونیفارم، انویسٹی گیشن انسگنیا، سب انسپکٹر کے پپس، ایف آئی اے کی جعلی فائل اور دیگر دستاویزات برآمد کر کے اہم شواہد تحویل میں لے لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف دفعہ 419 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
