خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا پانچواں روز، 2 کروڑ 65 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلا دیے گئے
ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم پانچویں روز بھی جاری ہے، جس کے دوران اب تک 2 کروڑ 65 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق خصوصی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ملک بھر میں 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم کے دوران 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔
این ای او سی کے مطابق پنجاب کے منتخب اضلاع میں تقریباً 75 لاکھ 11 ہزار، سندھ کے 30 منتخب اضلاع میں تقریباً 94 لاکھ 10 ہزار، خیبر پختونخوا کے 37 منتخب اضلاع میں 69 لاکھ 20 ہزار سے زائد جبکہ بلوچستان کے 32 منتخب اضلاع میں 20 لاکھ 93 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 41 ہزار سے زائد جبکہ گلگت بلتستان کے 2 منتخب اضلاع میں تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
این ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ ادارے نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو قطرے لازمی پلوائیں تاکہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
پولیو ٹیم سے رابطے یا مزید معلومات کے لیے 1166 پر کال کی جا سکتی ہے، جبکہ 03467776546 پر واٹس ایپ کے ذریعے بھی پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔
