اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نیویارک پہنچنے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، قونصل جنرل نیویارک عامر احمد عٹوزئی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن و نیویارک قونصلیٹ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا آئندہ ہفتے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور مختلف اہم سرگرمیوں پر مشتمل مصروف پروگرام ہے۔ وہ وزارتی فورمز میں شرکت کریں گے اور پاکستان کے لیے اہمیت کے حامل دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔
محمد اسحاق ڈار وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دوران وہ اپنے مختلف ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور متعدد اعلیٰ سطحی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
