پنجاب بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں، 10 ہزار 483 ملزمان گرفتار، 10 ہزار 39 مقدمات درج
لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس نے انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ رواں سال صوبہ بھر میں کارروائیوں کے دوران 10 ہزار 483 ملزمان کو گرفتار کرکے 10 ہزار 39 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران صوبہ بھر سے 5 لاکھ 20 ہزار 890 پتنگیں جبکہ 16 ہزار 563 ڈور اور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 5 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے 4 ہزار 801 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ لاہور سے ایک لاکھ 48 ہزار 316 پتنگیں اور 5 ہزار 901 ڈور و چرخیاں برآمد ہوئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ صوبہ بھر میں کسی بھی مقام پر پتنگ بازی ہرگز قابل برداشت نہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے دور رکھیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر 15 پر اطلاع دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
