یو اے ای میں پیک شدہ غذاؤں میں نمک، چینی اور چکنائی کی مقدار کے استعمال کی حدود طے
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں غیر متعدی امراض اور موٹاپے کی روک تھام اور غذائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کھانوں میں نمک، چینی اور چکنائی کے استعمال کے حوالے سے حدود طے کی گئی ہیں۔اماراتی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی غذائی پابندیوں کی خلاف ورزی پر5 لاکھ درہم تک کا جرمانہ ہوگا۔ان پابندیوں کا اطلاق میڈ ان امارات اور درآمد شدہ پیک شدہ غذاؤں پر ہوگا۔غذائی حدود کا اطلاق مرحلہ وار ہوگا اور مکمل عملدرآمد 31 دسمبر 2030 تک ہوگا۔بیان کے مطابق ڈبل روٹی میں سوڈیم (نمکیات)، چینی اور چکنائی کی مقدار مرحلہ وار کم کی جائے گی۔اسی طرح فلیٹ بریڈ میں نمک، چینی اور چکنائی کی مقررہ مقدار مزید کم کی جائے گی۔بیان میں بتایا گیا کہ میٹھے دہی اور لسی میں بھی چینی کی مقررہ حد سے زیادہ مقدار کا استعمال ممنوع ہوگا۔حکام کا کہنا تھا کہ نمکین بسکٹ، پراسیس میوؤں اور پریٹزلز میں سوڈیم کی حد کم کرنا ہوگی، جبکہ آلو، سبزیوں اوراناج سے بننے والے نمکین اسنیکس میں بھی نمک کم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نمک،چینی اورچکنائی کی مقررہ حد سے زائد مقدار استعمال کرنے پر کارروائی ہوگی اور خلاف ورزی پر کاروباری کمپنی کو جرمانے کے ساتھ ساتھ 6 ماہ تک بند بھی کیا جاسکتا ہے۔
حکام کے مطابق سنگین خلاف ورزی پر کمپنی کا لائسنس منسوخ ہوگا۔
