وزیراعظم شہباز شریف نیویارک سے لندن روانہ، جنرل اسمبلی میں خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت اور پانچ روزہ مصروف دورے کے بعد وطن واپسی کے لیے نیویارک سے لندن روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا اور متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف عالمی اور علاقائی امور پر بات چیت ہوئی۔ انتونیو گوتریش کے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ متوقع ہے، جبکہ وہ 31 دسمبر 2026 کو اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حصے کے دریاؤں کا پانی روکنے، اس میں رکاوٹ ڈالنے یا اس کا رخ تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی عمل تصور کیا جائے گا۔
