امریکا کی اپنے شہریوں کو سعودی عرب کے سفر پر نظرثانی کی ہدایت
امریکا نے سکیورٹی خطرات میں اضافے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو سعودی عرب کے سفر کے منصوبوں پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شنہوا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری سفری ہدایت میں ایران کی جانب سے امریکی مفادات کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کے ممکنہ خطرے، مسلح تنازع، ملک سے باہر جانے پر پابندیوں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں سے متعلق مقامی قوانین سے خبردار کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ 28 فروری 2026 کو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی شروع ہونے کے بعد سے ایران کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کا خطرہ برقرار ہے۔
یہ سفری ہدایت ایسے وقت جاری کی گئی ہے جب سعودی عرب نے حوثی حملوں کے الزامات کے بعد مکہ مکرمہ سمیت مختلف علاقوں میں الرٹ جاری کیے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور فوجی اڈوں کے قریب رہنے اور کام کرنے والے امریکی شہریوں کو، بالخصوص یمن کی سرحد کے قریب، زیادہ خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
سفری ہدایت میں یمن کی سرحد سے متصل علاقے کو جان لیوا خطرات کے باعث لیول 4 ’’سفر نہ کریں‘‘ قرار دیا گیا ہے، جو امریکی سفری ہدایات کی بلند ترین سطح ہے۔
