صدر مملکت کی پمز نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پمز کی سٹاف نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے سمیت اہم سمریز کی منظوری دے دی۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) ترمیمی بل 2026، اسٹینڈرڈ ٹائم (تشریحِ حوالہ جات) ترمیمی بل 2026 اور ماحول دوست طریقے سے بحری جہازوں میں موجود مضر مواد کے انتظام سے متعلق بل 2026 کی منظوری دے دی۔
منظور شدہ سمریز میں آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی (اے ایف آئی یو) راولپنڈی کی ٹیبل آف آرگنائزیشن اینڈ ایکوپمنٹ میں نظرثانی بھی شامل ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی سٹاف نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے کی بھی منظوری دی۔
بیان کے مطابق رضیہ نورین نے پمز میں آتشزدگی کے واقعے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر واحد زندہ بچنے والے بچے کو بحفاظت باہر نکالا تھا۔
صدر مملکت کی جانب سے نرس رضیہ نورین کی اس بہادری اور انسانی خدمت کے اعتراف میں تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
