لاہور پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 5486 ملزمان گرفتار
لاہور پولیس نے رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5486 ملزمان کو گرفتار کرکے 5293 مقدمات درج کر لیے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار کلو چرس، 621 کلو آئس اور 104 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ پولیس نے 410 کلو بھنگ، 50 کلو افیون اور 22 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کی آن لائن خرید و فروخت کے ذرائع پر بھی کڑی نظر رکھی جائے اور سپلائی چین میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ منشیات فروش معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہیں، ان کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منشیات کے مکروہ دھندے کے خلاف بلاامتیاز اور بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
