کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی بڑی کارروائی، 212 کلوگرام حشیش برآمد
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ٹویوٹا پریمیو گاڑی سے 212 کلوگرام حشیش (چرس) برآمد کرلی۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق سپر ہائی وے چیک پوسٹ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ کسٹمز اہلکاروں نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے آغا خان ہسپتال سگنل کے قریب روک لیا۔
کارروائی کے دوران حشیش کے 212 پیکٹس برآمد ہوئے، جن میں سے ہر پیکٹ کا وزن تقریباً ایک کلوگرام تھا۔ تعاقب کے دوران فرار ہونے والی گاڑی کسٹمز کی ویگو سے بھی ٹکرا گئی، جبکہ مشتبہ پائلٹ گاڑیوں سے کسٹمز ٹیم پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
خطرناک صورتحال کے باوجود کسٹمز اہلکاروں نے تعاقب جاری رکھا اور مشتبہ گاڑی سمیت 212 کلوگرام حشیش کو تحویل میں لے لیا۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر کے اندراج سمیت قانونی کارروائی جاری ہے۔
کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے اسمگلنگ اور منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائیاں مزید جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
