ورکرز ویلفیئر فنڈ کی ریکارڈ ریونیو وصولی، وزیر مملکت عون چوہدری کا کارکردگی پر اظہارِ اطمینان
وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی محمد عون چوہدری نے ورکرز ویلفیئر فنڈ سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد اور دیگر اعلیٰ افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر وزیر مملکت کو ورکرز ویلفیئر فنڈ کے انتظامی امور، جاری فلاحی منصوبوں اور صنعتی مزدوروں و ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی مختلف فلاحی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
محمد عون چوہدری نے ملکی تاریخ میں ریکارڈ ریونیو اکٹھا کرنے پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مزدور دوست پالیسیوں اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں ورکرز ویلفیئر فنڈ صنعتی مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن فلاحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور انداز میں مصروف عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود، ان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی، رہائشی سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات کے ذریعے ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر مملکت نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے ادارے کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی خدمات کی فراہمی میں شفافیت، تیز رفتاری اور مؤثر نگرانی کے لیے ڈیجیٹل نظام کا نفاذ اہم اور قابلِ تحسین قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے کیش لیس پالیسی اختیار کرنا بھی ایک مثالی اقدام ہے، جس سے نہ صرف شفافیت اور میرٹ کو فروغ ملا ہے بلکہ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو فلاحی سہولیات کی فراہمی کا عمل مزید آسان، محفوظ اور مؤثر ہوا ہے۔
محمد عون چوہدری نے کہا کہ ادارے کی جانب سے ڈیجیٹلائزیشن اور کیش لیس نظام کا نفاذ سرکاری اداروں میں جدید طرز حکمرانی کی بہترین مثال ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی پالیسیوں اور وژن پر مکمل اعتماد کے ساتھ عمل پیرا ہے اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں زیادہ سے زیادہ فلاحی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، جبکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے وزیر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
دورے کے اختتام پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد ذوالفقار احمد نے وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی محمد عون چوہدری کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
