کرپشن میں ملوث اہلکار کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، فیصل کامران
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ تھانوں یا کسی بھی ونگ کا اہلکار کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔
پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کرپشن کے معاملے پر متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پی سے بھی جواب طلبی ہوگی۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور 84 تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہر میں کرائم کنٹرول کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فیصل کامران نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو تھانوں میں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ شہریوں کے مسائل کا فوری حل پولیس کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے کی شکایت پر بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ افسران اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
