پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو ڈیجیٹل اور مختلف عوامی سہولیات کی فراہمی میں مصروفِ عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال 33 لاکھ 79 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے مختلف سروسز حاصل کیں۔
ترجمان کے مطابق 12 لاکھ سے زائد شہریوں نے جنرل پولیس ویریفیکیشن جبکہ 6 لاکھ 31 ہزار سے زائد شہریوں نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔ اسی طرح 9 لاکھ 27 ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری کا اندراج کروایا، جبکہ ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد نے میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس حاصل کیے۔
کمزور طبقات کے لیے جاری اقدامات کے تحت 78 ہزار سے زائد افراد کو قانونی اور سماجی تحفظ فراہم کیا گیا، جبکہ 23 ہزار 600 شہریوں نے وہیکلز ویریفیکیشن کی سہولت حاصل کی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 67 ہزار 465 شہریوں نے دستاویزات کی گمشدگی کا اندراج کروایا، 2 ہزار 398 شہریوں نے جرائم کی رپورٹ درج کرائی اور 2 لاکھ 3 ہزار سے زائد شہریوں نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں۔ اس کے علاوہ 56 ویمن وائلنس رپورٹس درج ہوئیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد شہریوں نے ایمپلائیز رجسٹریشن کروائی۔
پولیس ترجمان کے مطابق 2 ہزار 600 شہریوں نے نجی ملازمت کے لیے پولیس ویریفیکیشن بھی کروائی۔ پولیس خدمت مراکز کو پبلک سروس ڈلیوری کا شاندار فلیگ شپ پراجیکٹ قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ شہریوں کو 24 گھنٹے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس خدمت مراکز، تھانوں اور پبلک مقامات پر شہریوں کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کیا جائے اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
