اسلام آباد میں بارش کے باعث ٹریفک سست روی کا خدشہ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کی مختلف شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور سست ہوسکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو سفر کے لیے اضافی وقت کے ساتھ گھر سے نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران گاڑی اور موٹرسائیکل کی رفتار کم رکھیں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ ڈرائیونگ کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور اپنی لین میں رہیں۔
ترجمان کے مطابق سائیڈ شیشوں، انڈیکیٹرز اور سیٹ بیلٹ کا لازمی استعمال کیا جائے، جبکہ موٹرسائیکل سوار انتہائی بائیں لین میں سفر کریں اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور آگاہی کے لیے مختلف شاہراہوں پر موجود ہیں۔
