پنجاب میں 9 ہزار 500 گرین ٹریکٹرز کے لیے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب
محکمہ زراعت پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ہائی پاور گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت 9 ہزار 500 ٹریکٹرز کے لیے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ پروگرام کے تحت 75 ہارس پاور اور اس سے زائد طاقت کے ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پروگرام کے تحت ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ درخواست دینے والے کاشتکار کے پاس کم از کم 7 ایکڑ زرعی ملکیتی رقبہ ہونا ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق کمپیوٹرائزڈ موضع جات سے تعلق رکھنے والے کاشتکار پروگرام کے لیے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مقررہ پورٹل gts.punjab.gov.pk یا محکمہ زراعت پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ پر رجوع کیا جا سکتا ہے۔
غیر کمپیوٹرائزڈ موضع جات کے کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یا محکمہ زراعت توسیع کے دفاتر سے فارم مفت حاصل کر سکتے ہیں۔
کاشتکار مکمل کوائف کے ساتھ درخواست فارم اپنے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔ پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پروگرام سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت (توسیع) پنجاب کے متعلقہ دفاتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ زرعی ہیلپ لائن 0800-17000 پر روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
