معلومات تک رسائی شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہے، سردار ایاز صادق
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ مستند اور بروقت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے۔ آئینِ پاکستان شہریوں کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔
معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شفاف طرز حکمرانی اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے معلومات تک بروقت رسائی ناگزیر ہے۔ پارلیمان قانون سازی اور مؤثر نگرانی کے ذریعے معلومات تک رسائی کے حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ درست اور مستند معلومات شہریوں کو باخبر فیصلے کرنے اور ریاستی اداروں کو جوابدہ بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے معلومات تک رسائی کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے، تاہم جھوٹی، گمراہ کن اور غیر مصدقہ معلومات کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستند معلومات کی بروقت فراہمی گمراہ کن معلومات کے تدارک میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فیک نیوز کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں، میڈیا اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معلومات تک رسائی عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ مستند معلومات کی فراہمی جمہوری عمل، شفاف حکمرانی اور مؤثر عوامی شمولیت کے لیے ناگزیر ہے۔
