معدنیات خام حالت میں برآمد کرنے کے بجائے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دی جائے، میاں کاشف اشفاق
پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) نے کہا ہے کہ پاکستان کی اہم معدنیات کو خام حالت میں برآمد کرنے کے بجائے ویلیو ایڈیشن اور عالمی ماحولیاتی، سماجی و گورننس (ESG) معیار کے مطابق مصنوعات تیار کرکے عالمی منڈیوں میں برآمد کیا جائے۔
اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ معدنی وسائل کو پراسیس اور ریفائن کرکے ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرنے سے ملک کے زرمبادلہ میں اضافہ، صنعتی تنوع اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ایک یکساں قومی معدنی پالیسی، شفاف قواعد و ضوابط اور ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کا مؤثر نظام ضروری ہے۔ عالمی شراکت داری کے ذریعے ذمہ دارانہ معدنی تلاش، جدید پراسیسنگ اور ریفائننگ میں تکنیکی مہارت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں تک رسائی بھی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور اس کی معدنی دولت کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً 8 ٹریلین ڈالر لگایا جاتا ہے۔ ان وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن اور ذمہ دارانہ صنعتی پالیسی کے ذریعے بروئے کار لاکر ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے
