عالمی یوم سیاحت: پاکستان کے سیاحتی امکانات سے معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاحت پاکستان کی تقدیر بدلنے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، تاریخی و ثقافتی ورثے، بلند پہاڑوں، سرسبز وادیوں اور قدیم تہذیبوں سے مالا مال ملک ہے، جو اسے دنیا کے اہم سیاحتی مقامات میں ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے، پہاڑی وادیاں، وادی سندھ کی قدیم تہذیب، تاریخی مقامات اور مختلف مذاہب سے وابستہ صدیوں پرانے آثار و ثقافتیں ملک کے قیمتی سیاحتی ورثے کا حصہ ہیں۔ پاکستان میں چاروں موسم اپنی منفرد خوبصورتی کے ساتھ موجود ہیں، جو سیاحت کے فروغ کے لیے ایک قدرتی اثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ نہ صرف معاشی ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع، مقامی آبادی کی معاشی خوشحالی اور مختلف علاقوں کے درمیان بہتر روابط کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ سیاحتی شعبے میں ترقی سے مقامی افراد کے لیے کاروبار اور روزگار کے مؤثر مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوگا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قدرتی اور تاریخی سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، مواصلاتی سہولیات، رہائش اور دیگر ضروری سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت، نجی شعبے، مقامی آبادی اور متعلقہ اداروں کو مل کر سیاحت کے فروغ کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات کرنا ہوں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے جنگلات اور قدرتی ماحول کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے بغیر پائیدار سیاحت کا تصور مکمل نہیں ہو سکتا۔ قدرتی وسائل، جنگلات، پہاڑوں اور وادیوں سمیت ماحولیاتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہزاروں سال پرانی تہذیبوں کا امین ہے اور اس کا متنوع ثقافتی، مذہبی اور تاریخی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتا ہے۔ ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور مختلف مذاہب سے وابستہ قدیم عبادت گاہیں، تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثہ عالمی سیاحوں کے لیے باعثِ دلچسپی ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی سیاحت کے فروغ کے لیے پائیدار اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے ملکی معیشت کو تقویت ملنے کے ساتھ پاکستان کا ایک پرامن، خوبصورت، ثقافتی اور سیاح دوست ملک کے طور پر مثبت تشخص بھی دنیا کے سامنے اجاگر ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاحت کے فروغ، قدرتی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور پاکستان کے وسیع سیاحتی امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
