پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف کامیاب آپریشن، 750 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد
پاک بحریہ کے جہازوں ’حنین‘ اور ’یرموک‘ نے بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر مالیت کی 2,800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز معمول کی گشت پر مامور تھے کہ اس دوران ایک مشکوک کشتی کو روکا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشکوک کشتی کی مکمل تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی، جسے قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی پاک بحریہ کی جانب سے سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور بحری سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
پاک بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں، بالخصوص منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے لیے مسلسل نگرانی اور گشت جاری رکھے ہوئے ہے۔
