منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا تیسرا روز، 1 کروڑ 64 لاکھ بچوں کو قطرے پلا دیے گئے
ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی جاری ہے، جبکہ مہم کے پہلے دو روز کے دوران تقریباً 1 کروڑ 64 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق ملک بھر کے منتخب اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران مجموعی طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
این ای او سی کے مطابق مہم کے دوران 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔
صوبائی و علاقائی سطح پر مہم کے پہلے دو روز کے دوران پنجاب کے منتخب اضلاع میں تقریباً 46 لاکھ 18 ہزار، سندھ میں 58 لاکھ 78 ہزار، خیبر پختونخوا میں تقریباً 43 لاکھ 22 ہزار، بلوچستان میں 12 لاکھ 50 ہزار سے زائد، اسلام آباد میں 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد جبکہ گلگت بلتستان کے دو منتخب اضلاع میں تقریباً 83 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
این ای او سی حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ والدین اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔
پولیو ٹیم سے متعلق معلومات یا کسی بھی قسم کی معاونت کے لیے 1166 پر کال کی جا سکتی ہے، جبکہ 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
