مکہ ریجن کی جانب ڈرون حملے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے، عبدالعلیم خان
وفاقی وزیر مواصلات اور استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے مکہ ریجن کی جانب ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ مکہ ریجن کی جانب ایسا کوئی بھی اقدام پوری امتِ مسلمہ کے جذبات کو شدید مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا لازمی اور بنیادی جزو ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ساتھ کھڑا ہے اور اس معاملے میں کسی طور پیچھے نہیں رہے گا۔
عبدالعلیم خان نے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پہلے ہی سنگین خطرات اور بے یقینی کی زد میں ہے، اس لیے دیرپا امن و استحکام کے لیے کشیدگی اور تشدد کا راستہ فوری ترک کیا جانا چاہیے۔
صدر استحکامِ پاکستان پارٹی نے امتِ مسلمہ پر زور دیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام مسلم ممالک فوری طور پر مل بیٹھیں اور باہمی مسائل کا پائیدار حل تلاش کریں۔
