ٹرمپ نے ویسلے ہنٹ کو سعودی عرب میں امریکی سفیر نامزد کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن کانگریس رکن ویسلے ہنٹ کو سعودی عرب میں امریکا کا سفیر نامزد کردیا۔ یہ عہدہ ٹرمپ کے دوسری مدتِ صدارت شروع ہونے کے بعد سے خالی تھا۔
رائٹرز کے مطابق ویسلے ہنٹ کی نامزدگی 14 ستمبر کو سینیٹ کو بھیجی گئی۔ سینیٹ سے منظوری کی صورت میں وہ ریاض میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ویسلے ہنٹ نے اپنی نامزدگی پر کہا کہ سعودی عرب میں امریکا کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری کی اہمیت اور اس عہدے کی ذمہ داری کا بھی ذکر کیا۔
ویسلے ہنٹ ویسٹ پوائنٹ کے گریجویٹ اور امریکی فوج کے سابق افسر ہیں۔ انہوں نے عراق میں ایک مرتبہ جبکہ سعودی عرب میں دو مرتبہ خدمات انجام دیں، جہاں وہ سفارتی رابطہ کار افسر کے طور پر بھی تعینات رہے۔
وہ 2023 میں پہلی مرتبہ امریکی ایوان نمائندگان کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ سعودی عرب میں امریکی سفیر کا عہدہ اس وقت قائم مقام انتظام کے تحت چل رہا تھا۔
ویسلے ہنٹ کی نامزدگی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب خطے میں سکیورٹی کشیدگی جاری ہے اور سعودی عرب کو یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے حملوں کا سامنا ہے۔
