بھارت سفارتی و عسکری شکست کے بعد اسپورٹس کلچر کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے، طلال چودھری
وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ بھارت سفارتی و عسکری میدان میں شکست کے بعد اسپورٹس کلچر کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے اور اس نے سیاست اور کھیل میں فرق ختم کردیا ہے۔
اپنے بیان میں طلال چودھری نے کہا کہ بھارت ٹرافی لے یا نہ لے، وہ سفارتی اور عسکری میدان میں شکست کی خفت مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان نے کبھی بھی کھیل کو سیاست کی نذر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کھیلوں اور بین الاقوامی معاہدوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اپنی مصروفیات کے باوجود گراؤنڈ میں موجود تھے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دنیا کا کوئی ملک کھڑا نہیں اور نفرت کی سوچ کے باعث بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ویمنز ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا تھا۔
