یورپین چیمپئن آڈرے ویرو ایتھلیٹکس کا سب سے پرانا آؤٹ ڈور ورلڈ ریکارڈ توڑنے کے انتہائی قریب پہنچ گئیں اور انہوں نے زیورخ ڈائمنڈ لیگ میں 800 میٹر کی دوڑ ایک منٹ 53.70 سیکنڈز میں مکمل کی۔
بی بی سی کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی 22 سالہ ایتھلیٹ آڈرے ویروجارمیلا کراٹوچویلووا کا 43 سال پرانا ایک منٹ 53.28 سیکنڈز کا ریکارڈ توڑنے سے محض چار دسویں سیکنڈز کے فاصلے پر رہ گئیں۔ 25 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں 22 سالہ سوئس ایتھلیٹ آڈرے ویرونے تاریخ کا تیسرا تیز ترین وقت ریکارڈ کراتے ہوئے اپنا ذاتی ریکارڈ مزید بہتر بنایا اور فتح حاصل کی۔ نیدرلینڈز کی فیمکے بروڈرز بول نے 1:54.71 کے نئے قومی ریکارڈ کے ساتھ دوسری جبکہ برطانیہ کی جارجیا ہنٹر بل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
زیورخ میں شاندار مقابلے کے دوران دو نئے عالمی ریکارڈز بھی قائم ہوئے۔ برازیل کے ایلیسن ڈوس سانتوس نے 400 میٹر ہرڈلز میں کارسٹن وارہوم کا 2021 کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 45.80 سیکنڈز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، جبکہ ناروے کے وارہوم اس دوڑ میں دوسرے نمبر پر رہے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد اولمپک چیمپئن امریکی ایتھلیٹ مسائی رسل نے ویمنز 100 میٹر ہرڈلز میں ٹوبی اموسان کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 12.09 سیکنڈز کے ساتھ نیا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔دیگر مقابلوں میں ویمنز 100 میٹر ریس میں اولمپک چیمپئن جولین الفریڈ نے ملیسا جیفرسن ووڈن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10.70 سیکنڈز میں شکست دی۔ مردوں کے 800 میٹر مقابلے میں کینیا کے ایمانوئیل وانیونی نے ایک منٹ 41.76 سیکنڈز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سوئڈن کے آرمینڈ ڈوپلانٹس پول والٹ میں 6.32 میٹر کا اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ بہتر کرنے کی تینوں کوششوں میں ناکام رہے۔ 1500 میٹر ریس میں امریکی اولمپک چیمپئن کول ہاکر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جیکب انگیبرگٹسن پانچویں نمبر پر رہے۔

