بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 11 خوارج ہلاک
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں خوارج کے خلاف خفیہ معلومات پر مبنی کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جن کے دوران مجموعی طور پر 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی نے اپنے بیان میں دہشت گردوں کے منصوبے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران 5 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں ایک اور کارروائی کے دوران 6 خوارج مارے گئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے ان بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی حمایت اور سکیورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی۔
