تیز روشنی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، موٹروے پولیس کی ہائی بیم کے خلاف آگاہی مہم
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو خبردار کیا ہے کہ ہائی بیم اور غیر ضروری تیز روشنی دوسرے ڈرائیورز کے لیے مشکلات پیدا کرکے بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چودھری کی ہدایات پر ہائی بیم اور غیر ضروری تیز روشنیوں کے خلاف خصوصی بریفنگ اور آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگاہی مہم ایم ون، ایم ٹو، ایم ٹو ساؤتھ، ایم فائیو، لاہور سیالکوٹ موٹروے، خانیوال پنڈی بھٹیاں موٹروے اور قومی شاہراہ پر پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق ہائی بیم کی تیز چمک سامنے سے آنے والے ڈرائیور کی نظر کو عارضی طور پر متاثر کر سکتی ہے، جس سے حادثے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز کو دورانِ سفر غیر ضروری طور پر ہائی بیم استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
سید عمران احمد نے مزید کہا کہ ہائی بیم کا غیر ضروری استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی کی جا رہی ہے، جبکہ ڈرائیورز کو محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
