وزیراعظم کی سمیڈا کو ملک بھر میں چھوٹے کاروباروں کی معاونت کیلئے جامع حکمت عملی کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمیڈا کو ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سمیڈا کے زیر نگرانی جاری اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے سمیڈا کو کاروباری افراد کی مالی معاونت، پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک کے تمام علاقوں میں کاروباری ترغیب، مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت کو سمیڈا کے ادارہ جاتی مقاصد میں ترجیح دی جائے۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے مقامی کاروباری افراد کی قومی اور عالمی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی اجناس کے پیداواری اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے بھی خصوصی حکمت عملی تیار کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد کار میں اضافے اور سہولیات کی فراہمی پر یکساں توجہ دی جائے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سمیڈا متعلقہ اداروں کے تعاون سے مربوط اور جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو مضبوط بنانے، کاروباری افراد کی معاونت، صنعتی پیداوار میں اضافے اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے دنیا میں رائج بہترین طریقوں سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، جام کمال، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ہارون اختر، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
