گگو منڈی: مبینہ فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق، پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار
تھانہ گگو منڈی کی حدود چک نمبر 203/ای بی میں مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 75 سالہ علی محمد اور ان کی 65 سالہ اہلیہ ثریا بی بی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقتولین اور مبینہ فائرنگ میں ملوث افراد کے درمیان دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں اسی دشمنی کے دوران مظہر بغداد اور اس کے والد بغداد بھی قتل ہو چکے ہیں۔ ابتدائی طور پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ مظہر بغداد کے بھائیوں طیب، شاہد اور زاہد نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے علی محمد اور ثریا بی بی کو قتل کیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر اپنے بھائی اور والد کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس کی جانب سے واقعے کے محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کے اصل حقائق اور ذمہ داروں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔
